ٹرمپ نے ایران میں تباہ ایف-15 کے ویپن آفیسر کی بحفاظت بازیابی کی تصدیق کردی

image

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں تباہ ہونے والے ایف-15 طیارے کے ویپن آفیسر کو بحفاظت ریسکیو کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”ہمارا بہادر کرنل“ اب مکمل طور پر محفوظ ہے۔

صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سوشل ٹرتھ پر قوم کے نام اپنے پیغام میں بتایا کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران امریکی فوج نے تاریخ کے بڑے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز میں سے ایک کامیابی سے مکمل کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک بہادر کریو ممبر، جو ایک کرنل بھی ہیں، دشمن کے علاقے کے پیچھے ایران کے خطرناک پہاڑی علاقے میں موجود تھے، جہاں دشمن ان کا مسلسل تعاقب کر رہا تھا۔

صدر ٹرمپ کے مطابق یہ امریکی افسر اگرچہ انتہائی خطرناک حالات میں تھے، تاہم وہ کبھی تنہا نہیں تھے کیونکہ ان کی لوکیشن کی مسلسل نگرانی کی جا رہی تھی اور ان کی بحفاظت واپسی کے لیے 24 گھنٹے منصوبہ بندی جاری رہی۔

انہوں نے کہا کہ ان کے احکامات پر امریکی فوج نے دنیا کے مہلک ترین ہتھیاروں سے لیس درجنوں طیارے روانہ کیے تاکہ محصور اہلکار کو بحفاظت واپس لایا جا سکے۔

امریکی صدر نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن کے دوران مذکورہ کرنل زخمی بھی ہوئے، تاہم توقع ہے کہ وہ جلد مکمل صحت یاب ہو جائیں گے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ فوجی تاریخ میں پہلی بار دو امریکی پائلٹس کو الگ الگ دشمن کے گہرے علاقے سے بحفاظت نکالا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ”ہم کبھی بھی کسی امریکی سپاہی کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے“۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں ریسکیو آپریشنز بغیر کسی امریکی ہلاکت کے مکمل ہوئے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکا نے ایرانی فضائی حدود پر مکمل فضائی برتری حاصل کرلی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US