سعودی اسپیس ایجنسی نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کا سائنسدان سیٹلائٹ ’شمس‘ خلا میں روانہ کر دیا گیا ہے۔ یہ سیٹلائٹ ’آرٹیمس ٹو‘ مشن کے تحت زمین کے مدار میں گردش کرے گا اور موسمیاتی تبدیلیوں سمیت دیگر سائنسی معلومات فراہم کرے گا۔
سعودی اسپیس ایجنسی کے مطابق، ’شمس‘ سیٹلائٹ زمین سے 500 سے 970 کلومیٹر کی بلندی پر مدار میں گردش کرے گا۔
ناسا کے ’آرٹیمس ٹو‘ مشن کو یکم اپریل کو فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے اسپیس لانچ سسٹم راکٹ کے ذریعے روانہ کیا گیا تھا۔ یہ مشن انسانوں کو 50 سال بعد دوبارہ چاند کے قریب لے جانے والا ہے جس میں 4 خلا باز 10 روزہ مشن کے دوران تقریباً 6 لاکھ 85 ہزار میل کا سفر کریں گے اور چاند کے گرد مدار طے کرنے کے بعد زمین پر واپس آئیں گے۔
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب آرٹیمس پروگرام میں شمولیت اختیار کرنے والا پہلا عرب ملک بن گیا ہے۔ مشن کی تاریخی اہمیت اس بات میں بھی ہے کہ پہلی بار ایک سیاہ فام شخص، ایک خاتون اور ایک غیر امریکی فرد کو بھی آرٹیمس مشن میں شامل کیا گیا ہے۔