اماراتی صدارتی مشیر انور قرقاش نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات ایک ایسی جنگ میں سرخرو ہوا جس سے وہ خود کو بچانا چاہتا تھا۔
اپنے بیان میں انور قرقاش نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے نہ صرف اپنی خودمختاری، وقار اور قومی کامیابیوں کا کامیابی سے دفاع کیا بلکہ پیچیدہ علاقائی منظرنامے میں بھی مضبوط گرفت کے ساتھ آگے بڑھنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اماراتی قیادت کی دانشمندانہ حکمت عملی، قومی یکجہتی اور ریاستی استحکام نے ملک کو ایک بار پھر مشکل حالات میں بھی باعزت اور محفوظ مقام پر رکھا۔
انور قرقاش کے مطابق امارات کی قوت، استقامت اور ثابت قدمی نے نہ صرف موجودہ بحران میں ملک کو مضبوط رکھا بلکہ اماراتی ماڈل کو مزید مستحکم اور مؤثر بنایا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں کشیدگی میں کمی، استحکام اور سفارتی حل ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں، اور جنگ بندی کا ماحول خطے کے امن و سلامتی کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔