امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے ایران کے خلاف امریکی کارروائی کو ”تاریخی فتح“ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ”آپریشن ایپک فیوری“ کے تحت 40 دن سے بھی کم عرصے میں دنیا کی بڑی افواج میں سے ایک کو ختم کردیا گیا۔
پینٹاگون میں پریس بریفنگ کے دوران پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ امریکی حملوں کے نتیجے میں ایران کی فیکٹریاں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں جبکہ ایران کا ایٹمی مواد زمین میں دفن ہے اور اس کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کے میزائل پروگرام کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔
امریکی وزیر دفاع کے مطابق منگل کی رات ایران پر 800 حملے کیے گئے اور اس پوری کارروائی میں امریکا نے اپنی طاقت کا صرف 10 فیصد حصہ استعمال کیا۔
پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ ”ہم نے ایران کو شکست دی“ اور یہ آپریشن امریکی عسکری تاریخ میں ایک غیر معمولی کامیابی کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ”صدر ٹرمپ نے تاریخ رقم کردی ہے۔“
ان کے بقول قاسم سلیمانی کی ہلاکت سے لے کر اوباما دور کے ایران معاہدے کے خاتمے تک ٹرمپ نے ایسی کامیابیاں حاصل کیں جو کسی اور امریکی صدر کے حصے میں نہیں آئیں۔
پیٹ ہیگسیتھ کے ان سخت بیانات کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے اور عالمی سطح پر ردعمل سامنے آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ ایران کی جانب سے ان دعوؤں پر باضابطہ ردعمل کا انتظار ہے۔