ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق تہران نے انتباہ کیا ہے کہ اگر اسرائیل لبنان پر اپنے حملے جاری رکھتا ہے تو ایران جنگ بندی معاہدے سے دستبردار ہوسکتا ہے۔
خبر رساں ادارے نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ایران اس امکان پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے کہ اگر صہیونی حکومت لبنان کے خلاف اپنی جارحانہ کارروائیاں بند نہیں کرتی تو ایران اس معاہدے سے علیحدگی اختیار کر لے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا کی ثالثی میں طے پانے والے دو ہفتوں کے جنگ بندی منصوبے میں تمام محاذوں پر جنگ روکنے پر اتفاق ہوا تھا، جس میں حزب اللہ کے خلاف کارروائیاں بھی شامل تھیں، تاہم اسرائیل کی جانب سے لبنان پر تازہ حملوں کو معاہدے کی واضح خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے۔
ایران کی جانب سے ایک طرف جنگ بندی سے دستبرداری پر غور کیا جا رہا ہے تو دوسری طرف ایرانی مسلح افواج لبنان پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں اہداف کی نشاندہی کر رہی ہیں۔
ذرائع نے مزید واضح کیا کہ اگر امریکا اپنے اتحادی کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہتا ہے تو ایران خود طاقت کا استعمال کرتے ہوئے صورتحال میں مداخلت کرے گا۔