سیکیورٹی صورتحال: امریکا کی اپنے شہریوں کو رواں سال حج سے گریز کی ہدایت

image

امریکا نے سعودی عرب میں تعینات اپنے شہریوں کو رواں سال حج کی ادائیگی پر نظرثانی کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔ یہ ہدایت خطے میں جاری کشیدگی اور غیر یقینی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر جاری کی گئی ہے۔

سعودی عرب میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ سیکیورٹی حالات اور وقفے وقفے سے پیش آنے والی سفری رکاوٹوں کے باعث امریکی شہری اس سال حج میں شرکت کے فیصلے پر دوبارہ غور کریں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ 18 اپریل سے مکہ مکرمہ میں داخلے کے لیے حج پرمٹ، مکہ کی رہائشی شناخت یا مکہ میں کام کرنے کا درست اجازت نامہ دکھانا لازمی ہوگا، جبکہ دیگر ویزا رکھنے والوں کو اس تاریخ سے قبل مکہ چھوڑنا ہوگا۔

واضح رہے کہ حج اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں شامل ہے، جس کی ادائیگی ہر صاحب استطاعت مسلمان پر زندگی میں کم از کم ایک بار فرض ہے۔

امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو عمومی طور پر سعودی عرب کے سفر پر بھی نظرثانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب 28 فروری سے اسرائیل اور امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف کارروائیوں کے بعد خطے میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔

ایران کی جانب سے جوابی کارروائیوں میں ڈرون اور میزائل حملے کیے گئے، جن کا ہدف اسرائیل، اردن، عراق اور وہ خلیجی ممالک بنے جہاں امریکی فوجی تنصیبات موجود ہیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے جبکہ عالمی منڈیوں اور فضائی سفر بھی متاثر ہوا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US