اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے لبنان میں 8 اپریل کو اسرائیل کی جانب سے کیے گئے بڑے پیمانے پر حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی فوجی کارروائیاں بند کریں۔
اقوام متحدہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں سینکڑوں شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے، جن میں بچے بھی شامل ہیں، جبکہ شہری بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
سیکریٹری جنرل نے لبنان میں بڑھتی ہوئی شہری ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ موجودہ فوجی کشیدگی نہ صرف جنگ بندی بلکہ خطے میں پائیدار اور جامع امن کی کوششوں کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔
انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ اس تنازع کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں، اس لیے تمام متعلقہ فریق تحمل کا مظاہرہ کریں اور خطے کو مزید تباہی سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔