امریکی سیاسی رسک اینالسٹ ایئن بریمر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جس جنگ کا آغاز کیا تھا، اس میں وہ ناکام ہو کر نکلے ہیں اور امریکا کی یہ مہنگی جنگ بے سود ثابت ہوئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی جانب سے کیا گیا فتح کا اعلان دراصل ایک پسپائی ہے، کیونکہ اس سیز فائر نے محض اس لڑائی کو روکا ہے جس نے عالمی توانائی کی منڈیوں کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔
تجزیہ کار کے مطابق ایران میں حکومت کی تبدیلی کا دعویٰ حقیقت پر مبنی نہیں اور وہاں کا بنیادی اقتدار اور اسٹریٹجک ڈھانچہ آج بھی جوں کا توں برقرار ہے۔
ایئن بریمر نے مزید کہا کہ اس جنگ کے جیو پولیٹیکل اثرات امریکی حریفوں کے حق میں رہے ہیں، جہاں روس تیل کی قیمتوں میں اضافے سے مضبوط ہوا ہے وہیں چین اس صورتحال سے طویل مدتی فائدہ اٹھانے والے ملک کے طور پر ابھرا ہے۔