چین، برطانیہ اٹلی کی لبنان پر حملوں اور جنگ بندی خلاف ورزیوں کی مذمت

image

چین، برطانیہ اور اٹلی نے لبنان کی خود مختاری کی خلاف ورزی اور مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے خطے میں پائیدار امن کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے لبنان میں جاری اسرائیلی حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان کی خودمختاری اور سلامتی کی خلاف ورزی کسی صورت قبول نہیں، اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جانا ضروری ہے۔

ترجمان نے تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور کشیدگی میں کمی لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ جنگ بندی کے باوجود لبنانی علاقوں پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 250 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے سعودی عرب پہنچنے پر اپنے بیان میں کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی خوش آئند ہے تاہم اسے مستقل اور دیرپا بنانے کے لیے ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ جنگ برطانیہ کی جنگ نہیں تھی اور ان کی اولین ترجیح اپنے ملک کی حفاظت ہے۔ برطانوی وزیراعظم نے آبنائے ہرمز کو جہاز رانی کے لیے کھلا رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس مقصد کے لیے مختلف ممالک کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی نے پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی کی کسی بھی خلاف ورزی کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ خطہ اس وقت ایک نازک موڑ پر ہے اور امن کے اس کمزور موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کی بحالی اٹلی اور یورپی یونین کے لیے انتہائی اہم ہے، اور اگر بحران دوبارہ شدت اختیار کرتا ہے تو یورپ کو اپنے مالیاتی و ترقیاتی معاہدوں کی عارضی معطلی پر بھی غور کرنا پڑ سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US