میرپورخاص سیٹلائٹ ٹاؤن میں نجی میڈیکل کالج کی 21 سالہ طالبہ (ف) نے مبینہ ہراسگی اور کردار کشی سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی۔
پولیس اور اہل خانہ کے مطابق تھرڈ ایئر کی طالبہ کو اساتذہ اور لڑکوں کے ایک گروپ کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا تھا، جبکہ انسٹاگرام پر جعلی آئی ڈی بنا کر اس کی کردار کشی بھی کی گئی۔
متوفیہ کی بہن مہک لغاری کا کہنا ہے کہ فہمیدہ نے چند روز قبل ہی خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اس کے ساتھ کچھ برا ہو سکتا ہے اور اسے شدید ذہنی دباؤ کا سامنا ہے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ڈی آئی جی میرپورخاص سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے اور شفاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
ڈی آئی جی فیصل عبداللہ چاچڑ نے ایس ایس پی کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جسے 10 روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ والدین کی زبانی شکایت پر متعلقہ لیکچرر کو پہلے ہی معطل کردیا گیا تھا۔ پولیس نے طالبہ کا موبائل فون تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔