بیجنگ: چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک 89 سالہ خاتون نے کمرے میں بند ہو جانے کے بعد انتہائی خطرناک راستہ اختیار کرتے ہوئے 27ویں منزل سے نیچے اترنے کی کوشش کی، تاہم ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں بحفاظت بچا لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ یکم اپریل کی دوپہر پیش آیا جب رہائشی عمارت میں کام کرنے والے کلینر اور سیکیورٹی گارڈ کو اوپر سے مدد کے لیے آوازیں سنائی دیں۔ انہوں نے اوپر دیکھا تو ایک معمر خاتون عمارت کی بیرونی دیوار پر لگے ایئر کنڈیشنرز کی ریلنگ کو پکڑ کر نیچے اتر رہی تھیں۔
اطلاع ملنے پر فوری طور پر پولیس اور فائر بریگیڈ کو طلب کیا گیا۔ اہلکاروں نے خاتون کو رکنے کی ہدایت کی، تاہم وہ آہستہ آہستہ نیچے اترتی رہیں۔ کچھ دیر بعد تھکن کے باعث وہ 21ویں منزل کے قریب رک گئیں، جو زمین سے تقریباً 50 میٹر بلند تھی۔
ریسکیو ٹیم نے عمارت کے اندر سے کارروائی کرتے ہوئے پہلے خاتون تک رسائی حاصل کی اور انہیں حفاظتی رسی سے باندھ دیا تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچایا جا سکے۔ بعد ازاں ریلنگ کے ایک حصے کو احتیاط سے کاٹ کر ایک عارضی پلیٹ فارم بنایا گیا تاکہ خاتون اس پر بیٹھ سکیں اور محفوظ طریقے سے اندر منتقل کی جا سکیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے خاتون کو حفاظتی جیکٹ پہنائی اور انہیں پانی بھی فراہم کیا۔ بعد ازاں انہیں بحفاظت عمارت کے اندر منتقل کر دیا گیا۔ خوش قسمتی سے خاتون اس خطرناک صورتحال کے باوجود محفوظ رہیں اور انہیں کسی قسم کی سنگین چوٹ نہیں آئی۔
رپورٹ کے مطابق معمر خاتون 27ویں منزل پر اکیلی رہتی ہیں۔ واقعے کے روز وہ غلطی سے اپنے بیڈ روم میں بند ہو گئی تھیں جبکہ ان کا موبائل فون دوسرے کمرے میں رہ گیا تھا، جس کے باعث وہ کسی سے رابطہ نہ کر سکیں۔ اسی صورتحال میں انہوں نے ریلنگ کے سہارے نیچے اترنے کا انتہائی خطرناک فیصلہ کیا۔
واقعے کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی ہیں جس میں خاتون کو عمارت کی بیرونی دیوار کے ساتھ انتہائی احتیاط سے نیچے اترتے دیکھا جا سکتا ہے، جس پر صارفین نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو اہلکاروں کی بروقت کارروائی کو سراہا ہے۔
ماہرین نے اس واقعے کے بعد شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ایسی صورتحال میں خود سے خطرناک اقدامات کرنے کے بجائے فوری طور پر ہمسایوں یا سیکیورٹی عملے سے مدد طلب کی جائے، کیونکہ بلند عمارتوں میں اس نوعیت کی کوشش جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔