غلط پارکنگ کا ای چالان، عدالت میں شہری کیس جیت گیا، ٹریفک پولیس کو تنبیہ

image

کراچی کی مقامی عدالت میں شہری کی جانب سے غلط ای چالان کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جس کے بعد عدالت نے ٹریفک پولیس کو ای چالان کے اجرا میں احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا۔

شہری نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ 27 فروری کو صدر کے علاقے میں غلط پارکنگ کا جواز بنا کر انہیں 10 ہزار روپے کا ای چالان جاری کیا گیا، حالانکہ انہوں نے گاڑی پارک نہیں کی تھی بلکہ صرف چند سیکنڈز کے لیے سواری اتارنے کے لیے رکی تھی۔

درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ جس مقام پر چالان کیا گیا وہاں تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ موجود رہتی ہے لیکن پولیس ان کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔

سماعت کے دوران ٹریفک پولیس کی جانب سے عدالت میں رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ ریویو کمیٹی نے شہری کی شکایت کا ازسرنو جائزہ لینے کے بعد اسے درست تسلیم کرتے ہوئے متعلقہ چالان منسوخ کر دیا ہے۔

عدالت نے پولیس رپورٹ کی روشنی میں ریمارکس دیے کہ چونکہ کمیٹی نے شہری کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے، اس لیے اب یہ درخواست مزید کارروائی کی ضرورت کے بغیر نمٹائی جاتی ہے۔ تاہم عدالت نے ٹریفک حکام کو تاکید کی کہ مستقبل میں شہریوں کو ای چالان جاری کرتے وقت مکمل ذمہ داری اور احتیاط سے کام لیا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US