یومِ دستور پاکستان کے موقع پر شرجیل میمن اور سعدیہ جاوید کے پیغامات

image

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے یومِ دستور پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے اپنے پیغام میں کہا کہ 1973ء کا آئین قوم کی متفقہ دانش، جمہوری جدوجہد اور وفاقی وحدت کی علامت ہے، جسے شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو عطا کیا اور یہی دستور آج بھی ملکی جمہوری بنیادوں کو مضبوط بنائے ہوئے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی جانب سے صوبوں کو خود مختاری دینے اور پارلیمان کو مضبوط کرنے سے وفاق مستحکم ہوا ہے، لہٰذا ہمیں اختلافات سے بالاتر ہو کر آئین کے تحفظ اور ملک کی ترقی کے لیے متحد رہنا ہوگا۔

ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ آئین کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا کیونکہ دستورِ پاکستان وفاق کی اکائیوں کو جوڑنے والی مضبوط زنجیر اور صوبائی خود مختاری کی ضمانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سیاسی نظام اور جمہوری تسلسل صرف آئینی حدود کی پاسداری سے ہی جڑا ہے۔ سعدیہ جاوید نے سندھ حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے، بی آئی ایس پی کے ذریعے غریب طبقے کو سبسڈی دینے اور تعلیم و صحت کے شعبوں میں حقوق کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے آئین کی 26ویں ترمیم کو عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب کراچی کی ترقی روکنے والوں کا دور ختم ہوچکا ہے اور صرف عوامی خدمت کا کام بولے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US