سینئر سیاستدان اور سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ طویل علالت کے بعد 91 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، وہ گزشتہ کچھ عرصے سے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔
مرحوم بلوچ قبیلے کے 21 ویں تسلیم شدہ سردار تھے اور ان کا سیاسی اثر و رسوخ پنجاب کے ساتھ ساتھ بلوچستان اور سندھ تک پھیلا ہوا تھا۔ انہوں نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی جلاوطنی کے دوران بطور صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب جمہوریت کی بحالی کے لیے کلیدی کردار ادا کیا۔
20 اکتوبر 1935 کو ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہونے والے سردار ذوالفقار علی کھوسہ نے ابتدائی تعلیم کوئین میری کالج اور اعلیٰ تعلیم ایچی سن کالج لاہور سے حاصل کی۔ انہوں نے اپنے پارلیمانی سفر کا آغاز 1962 میں محض 26 سال کی عمر میں مغربی پاکستان اسمبلی کے سب سے کم عمر رکن کے طور پر کیا اور مجموعی طور پر ریکارڈ 9 مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔
سردار ذوالفقار علی کھوسہ مختلف ادوار میں سینئر صوبائی وزیر، وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر اور گورنر پنجاب کے عہدوں پر فائز رہے۔ انہوں نے تعلیم، خزانہ، آبپاشی، لوکل گورنمنٹ اور منصوبہ بندی و ترقی جیسے اہم محکموں کی سربراہی کی۔
ان کے صاحبزادے سردار دوست محمد خان کھوسہ بھی وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سیاسی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔