لبنان اور ایران پر اسرائیلی حملوں کیخلاف دنیا کے مختلف ممالک میں احتجاجی مظاہرے

image

دنیا کے مختلف شہروں میں اسرائیل کی جانب سے لبنان اور ایران میں کی جانے والی حالیہ عسکری کارروائیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

نیویارک میں مظاہرین کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی جنہوں نے فلسطین، لبنان اور ایران کے خلاف امریکی و اسرائیلی کارروائیوں کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔

یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں بھی مظاہرین نے اسرائیلی سفارت خانے کے سامنے جمع ہو کر شدید احتجاج کیا اور لبنان و ایران میں جاری بمباری کی مذمت کی۔

ادھر نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں ڈچ پارلیمنٹ کے سامنے غزہ اور لبنان کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مظاہرہ کیا گیا، جس کے دوران پولیس نے ایک شخص کو گرفتار بھی کیا۔

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں بھی شہریوں نے احتجاجی ریلی نکالی، جبکہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں علامتی احتجاج کے ذریعے اسرائیلی پارلیمنٹ میں فلسطینی قیدیوں کے خلاف منظور ہونے والے سخت قانون پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔

ان مظاہروں میں شریک افراد نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US