پاکستان میں بیساکھی میلے اور 327 ویں خالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، خوشیوں، عقیدت اور روایتی رنگوں سے بھرپور مناظر نے ہر دیکھنے والے کو متاثر کردیا۔
ذرائع کے مطابق امرتسر، ہریانہ، دہلی اور دیگر بھارتی ریاستوں سے 2800 سے زائد سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچے۔ یاتری 10 روزہ قیام کے دوران ننکانہ صاحب، حسن ابدال اور کرتارپور نارووال سمیت مختلف مقدس مقامات کی زیارت کریں گے۔
بیساکھی میلے کی مرکزی تقریب 14 اپریل کو گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں منعقد ہوگی، جس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا، ضلعی انتظامیہ اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام بھی شریک ہوں گے۔
حکام کے مطابق سکھ یاتریوں کے لیے لنگر، ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ سیکیورٹی کے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
سکھ یاتریوں نے پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں انہیں بھرپور عزت اور محبت ملی، جس سے ان کے دل خوش ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیساکھی میلہ نہ صرف مذہبی عقیدت کا اظہار ہے بلکہ پاکستان کے امن، رواداری اور مثبت تشخص کو بھی دنیا کے سامنے اجاگر کرتا ہے۔