حکومتِ پنجاب نے دیہی علاقوں میں جائیداد کی خرید و فروخت کو فروغ دینے کیلیے اہم فیصلہ کرلیا۔
گورنر پنجاب نے اسٹامپ ڈیوٹی ترمیمی آرڈیننس 2026ء پر دستخط کردیے، جس کے تحت دیہی علاقوں میں اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح 3 فیصد سے کم کرکے 1 فیصد کردی گئی ہے۔
گورنر پنجاب کے مطابق اس سے قبل شہری علاقوں میں اسٹامپ ڈیوٹی 1 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 3 فیصد وصول کی جا رہی تھی، تاہم نئے آرڈیننس کے بعد شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح یکساں یعنی 1 فیصد مقرر کردی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے دیہی علاقوں میں جائیداد کی خرید و فروخت میں نمایاں اضافہ ہوگا، جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلیے بھی سرمایہ کاری کے مواقع بہتر ہوں گے۔
نئے قانون کا مقصد جائیداد کے شعبے میں آسانی پیدا کرنا اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔