سٹی کونسل کے اجلاس کے دوران حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے درمیان شدید ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی، جس کے دوران اراکین ایک دوسرے پر مکے برساتے اور دھکے دیتے رہے۔
رپورٹ کے مطابق اجلاس میں نجمی عالم کی تقریر جاری تھی کہ اس دوران جماعت اسلامی کے ایک رکن نے بات کرنے کی کوشش کی۔ میئر کراچی کی جانب سے رکن کو خاموش کرانے پر صورتحال کشیدہ ہوگئی اور ایوان میں شور شرابہ شروع ہوگیا۔
دیکھتے ہی دیکھتے حکومتی اور اپوزیشن ارکان آمنے سامنے آگئے اور ایک دوسرے پر مکوں کی بوچھاڑ کردی، جبکہ بعض اراکین نے بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش بھی کی۔ ہنگامہ آرائی کے باعث ایوان کا ماحول مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن پنچھی اور جماعت اسلامی کے رکن تیمور کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی، جس سے صورتحال مزید بگڑ گئی۔
واقعے کے بعد اجلاس کا ماحول کشیدہ ہوگیا جبکہ معاملے پر مزید کارروائی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔