ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے پاکستان کے لیے پرواز کے دوران ایک منفرد اقدام کرتے ہوئے میناب اسکول کے شہید بچوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں دکھایا کہ طیارے کی نشستوں پر شہید بچوں کی تصاویر چسپاں کی گئی ہیں جبکہ ان کے اسکول بیگز بھی ہمراہ رکھے گئے جنہیں انہوں نے اپنے "ہم سفر" قرار دیا۔
اسلام آباد روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قالیباف نے امریکا کے ساتھ مذاکرات اور ممکنہ جوہری معاہدے کے حوالے سے ایران کا مؤقف واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکا ایران کے حقوق کو تسلیم کرتا ہے تو ایران کسی بھی معاہدے تک پہنچنے کے لیے تیار ہے تاہم اس کے لیے ایک حقیقی اور قابلِ عمل ڈیل ضروری ہے۔
انہوں نے ماضی کے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سابقہ مذاکرات میں امریکا کی جانب سے وعدہ خلافیاں سامنے آئیں جس کے باعث اعتماد متاثر ہوا۔
ایرانی اسپیکر کا کہنا تھا کہ ایرانی وفد مثبت جذبے اور اچھی امید کے ساتھ مذاکرات کے لیے آیا ہے، اب امریکا کو اپنے طرزِ عمل سے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ میناب کے اسکول پر حملے میں کم از کم 168 افراد شہید ہوئے تھے، جن میں بڑی تعداد بچوں کی تھی، اور یہ حملہ ایران کے خلاف جنگ کے آغاز کے پہلے دن کیا گیا تھا، جس پر دنیا بھر میں افسوس اور غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا۔