بریانی میں ’لال بیگ‘ نکلنے پر معروف ریسٹورنٹ سیل

image

گورکھپور: بھارتی شہر گورکھپور میں ایک معروف ریسٹورنٹ میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا، جہاں بریانی میں ’لال بیگ‘ نکل آنے پر حکام نے ریسٹورنٹ کو عارضی طور پر سیل کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ایک نجی تقریب کے دوران پیش آیا، جب مقامی رہائشی سچن ورما اپنے بیٹے کی سالگرہ منانے کے لیے اہل خانہ اور دوستوں کے ہمراہ باربی کیو نیشن کے آؤٹ لیٹ میں موجود تھے۔ تقریب کے دوران مہمانوں کے لیے مختلف کھانے آرڈر کیے گئے جن میں بریانی بھی شامل تھی۔

اطلاعات کے مطابق جیسے ہی مہمانوں نے کھانا شروع کیا تو بریانی میں ’لال بیگ‘ کی موجودگی کا انکشاف ہوا، جس پر موقع پر موجود افراد میں شدید غصہ اور تشویش پھیل گئی۔ واقعے کی ویڈیو بھی بنائی گئی، جو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

متاثرہ شہری سچن ورما نے ریسٹورنٹ انتظامیہ پر ناقص صفائی اور غیر معیاری خوراک فراہم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ کھانے کی تیاری اور پیشکش میں حفظانِ صحت کے اصولوں کو نظر انداز کیا گیا۔

دوسری جانب ریسٹورنٹ کے منیجر دلیپ کمار نے واقعے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سنگین غلطی ہے، تاہم انتظامیہ صفائی کے اصولوں پر عمل پیرا رہتی ہے اور یہ واضح نہیں کہ یہ واقعہ کیسے پیش آیا۔

واقعے کے بعد فوڈ سیفٹی حکام نے فوری نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی ڈاکٹر سدھیر کمار سنگھ کے مطابق ابتدائی معائنے میں ریسٹورنٹ میں غیر صحت بخش حالات کی نشاندہی ہوئی، جس کے بعد آؤٹ لیٹ کو عارضی طور پر بند کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ریسٹورنٹ کو اس وقت تک دوبارہ کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جب تک وہ حفظانِ صحت کے تمام تقاضے پورے کر کے دوبارہ معائنہ میں کلیئرنس حاصل نہیں کر لیتا۔

یہ واقعہ خوراک کے معیار اور صفائی کے حوالے سے سنجیدہ سوالات کو جنم دے رہا ہے، جبکہ شہریوں نے متعلقہ اداروں سے سخت نگرانی اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US