امریکی انٹیلی جنس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چین آئندہ چند ہفتوں میں ایران کو جدید فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ بیجنگ اس اسلحے کی ترسیل کے لیے تیسرے ممالک کا راستہ اختیار کرنے پر غور کر رہا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چین کندھے پر رکھ کر چلائے جانے والے طیارہ شکن میزائل سسٹمز ایران کو دینے کا منصوبہ رکھتا ہے۔
دوسری جانب واشنگٹن میں قائم چینی سفارتخانے نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ چین نے کبھی بھی کسی تنازع میں شامل فریق کو ہتھیار فراہم نہیں کیے اور امریکی میڈیا میں زیر گردش معلومات بے بنیاد ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ایک ذمہ دار عالمی طاقت کے طور پر چین اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کر رہا ہے، جبکہ امریکا پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بے بنیاد الزامات اور منفی پراپیگنڈے سے گریز کرے۔چینی سفارتخانے نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ فریقین کو کشیدگی کم کرنے اور خطے میں استحکام کے لیے مثبت اقدامات کرنا ہوں گے۔