امریکا کے وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے دعویٰ کیا ہے کہ دو امریکی جنگی جہاز یو ایس ایس فرینک ای پیٹرسن اور یو ایس ایس مائیکل مرفی آبنائے ہرمز سے گزر کر بحیرہ عرب میں داخل ہوگئے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق دونوں جہاز آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی کے مشن پر مامور ہیں، جس کا مقصد بحری راستوں کو محفوظ بنانا ہے۔
دوسری جانب امریکی سینٹ کام کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک نئی محفوظ گزرگاہ بنانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ ان کے مطابق جلد ہی اس راستے کو بحری صنعت کے ساتھ شیئر کیا جائے گا تاکہ عالمی تجارت کے لیے آزادانہ نقل و حمل کو یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں محدود آمد و رفت کی اجازت پہلے ہی دی جاچکی ہے، جس سے صورتحال میں جزوی بہتری آئی ہے۔