سعودی عرب کی وزارت توانائی نے اعلان کیا ہے کہ ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کو مکمل طور پر بحال کردیا گیا ہے، جس کے بعد تیل کی ترسیل دوبارہ معمول پر آگئی ہے۔
وزارت کے مطابق پائپ لائن کے ذریعے یومیہ 70 لاکھ بیرل تیل کی ترسیل بحال ہوچکی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ منیفہ آئل فیلڈ میں بھی یومیہ 3 لاکھ بیرل تیل کی پیداوار دوبارہ شروع کردی گئی ہے، جبکہ خریص آئل فیلڈ میں پیداواری صلاحیت کی مکمل بحالی کے لیے کام تیزی سے جاری ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا گیا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق 98 آکٹین پیٹرول کی قیمت میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، جو 2.94 ریال سے بڑھا کر 3.83 ریال کردی گئی ہے۔ تاہم 91 آکٹین پیٹرول کی قیمت 2.18 ریال اور 95 آکٹین پیٹرول کی قیمت 2.33 ریال پر برقرار رکھی گئی ہے۔