وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کراچی کے علاقے شرافی گوٹھ میں پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ملیر اور ایس ایس پی کورنگی سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔
انہوں نے شاہ فیصل برج کے قریب سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ضیاء الحسن لنجار نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ شرافی گوٹھ اور گرد و نواح کے علاقوں میں گشت اور چیکنگ کے نظام کو مزید سخت کیا جائے تاکہ اسٹریٹ کرائم میں ملوث عناصر کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو مؤثر حکمت عملی اپنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔