آسٹریلیا میں پہلی بار خاتون افسر کو آرمی چیف مقرر کیا جائے گا

image

آسٹریلیا کی دفاعی قیادت میں بڑی سطح پر ردوبدل کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون کو فوج کی سربراہی سونپی جا رہی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل سوسن کوائل کو جولائی میں آسٹریلوی آرمی چیف مقرر کیا جائے گا، جو اس وقت جوائنٹ کیپبلٹیز کی سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔

وزیراعظم اینتھنی البانیز نے اس فیصلے کو ایک تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک کے دفاعی نظام میں ایک نئی روایت کا آغاز ہے۔

55 سالہ سوسن کوائل نے 1987 میں فوج میں شمولیت اختیار کی تھی اور اپنے طویل کیریئر کے دوران مختلف اہم کمانڈ اور انتظامی عہدوں پر فائز رہی ہیں۔ وہ آسٹریلوی دفاعی تاریخ میں کسی بھی بڑی فوجی شاخ کی پہلی خاتون سربراہ ہوں گی۔

اس وقت آسٹریلوی ڈیفنس فورس میں خواتین کی مجموعی نمائندگی تقریباً 21 فیصد ہے، جبکہ اعلیٰ عسکری قیادت میں یہ شرح 18 فیصد کے قریب ہے۔

آسٹریلوی حکومت نے ہدف مقرر کیا ہے کہ 2030 تک فوج میں خواتین کی نمائندگی کو بڑھا کر 25 فیصد تک پہنچایا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US