وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قومی انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے، جو 13 سے 19 اپریل 2026 تک جاری رہے گی۔
اس مہم کے دوران صوبے کے ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ بچوں کی قوتِ مدافعت بڑھانے کے لیے 94 لاکھ بچوں کو وٹامن اے کی خوراک بھی دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ 83 ہزار تربیت یافتہ ورکرز اس مہم میں حصہ لے رہے ہیں، جن کی حفاظت کے لیے 24 ہزار سیکیورٹی اہلکار بشمول 2400 لیڈی پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
مراد علی شاہ نے اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 2024 میں 74 اور گزشتہ برس 31 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جبکہ سندھ میں 2025 کے دوران 9 بچے متاثر ہوئے تھے۔ تاہم، 2026 میں ماحولیاتی نمونوں میں بہتری آئی ہے اور رواں سال اب تک صوبے کے ضلع سجاول سے صرف ایک کیس سامنے آیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے والدین، اسکول انتظامیہ اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور غلط معلومات کے خاتمے میں کردار ادا کریں تاکہ پاکستان کو اس مرض سے پاک کیا جاسکے۔