پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر راجا اظہر نے کورنگی شاہ فیصل کالونی پل کو سندھ حکومت کی نااہلی کے باعث ڈاکوؤں کی ’چیک پوسٹ‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں شہریوں کو دن دہاڑے لوٹا جارہا ہے جو پولیس کی مکمل ناکامی کا ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 12 سے 15 مسلح ڈاکوؤں کا جدید ہتھیاروں کے ساتھ شہریوں کو یرغمال بنانا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ شہر میں ریاستی رٹ ختم ہوچکی ہے۔
راجا اظہر نے مزید کہا کہ ڈکیتی کی وائرل ویڈیوز نے شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے اور یہ تشویشناک ہے کہ پولیس ناکوں کے باوجود ملزمان باآسانی فرار ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ، وزیر داخلہ اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ کراچی کے عوام کو ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر نہ چھوڑا جائے اور امن و امان کی بہتری کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، بصورتِ دیگر عوام کا ردعمل شدید ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کی سیکریٹری اطلاعات و ترجمان فوزیہ صدیقی نے شہر میں گیس کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ، بھاری بلوں، پانی اور بجلی کے بحران پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے حکومت کی ناکامی اور عوام پر ظلم قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کو چلانے والے اور سب سے زیادہ ریونیو دینے والے شہر کراچی کو بنیادی سہولیات سے محروم کر کے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کردیا گیا ہے۔
فوزیہ صدیقی کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی 18 سالہ حکمرانی کے باعث کراچی سے لاڑکانہ تک تمام شہر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے ہیں، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور سیوریج کا نظام مکمل طور پر ناکارہ ہوچکا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرتے ہوئے گیس، پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو اس بدترین صورتحال سے نجات مل سکے۔