امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ حالیہ مذاکرات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی نائب صدر نے کہا کہ ایران کے ساتھ متعدد اہم امور پر پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے اور یہ شاید پہلی بار ہے کہ ایرانی اور امریکی حکومتوں کے درمیان اتنی اعلیٰ سطح پر براہ راست ملاقات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے اب گیند تہران کے کورٹ میں ہے اور یہ ایران پر منحصر ہے کہ وہ آگے بڑھنے کے لیے کیا اقدامات کرتا ہے۔
جے ڈی وینس کے مطابق ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا اور امریکا کی تمام ریڈ لائنز اسی بنیادی اصول کے گرد گھومتی ہیں۔
انہوں نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکا توقع رکھتا ہے کہ ایران اس اہم بحری گزرگاہ کو کھولنے کے لیے اقدامات کرے گا جو عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے نہایت اہم ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ ایران-امریکا مذاکرات کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے تھے۔