چین نے ایرانی بندرگاہوں پر امریکی ناکہ بندی کو غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خطے میں امریکی فوجی تعیناتی میں اضافہ کشیدگی کو مزید ہوا دے گا۔
چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ ناکہ بندی جیسے اقدامات سے مشرقِ وسطیٰ کی نازک صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے، جو نہ صرف جنگ بندی کی کوششوں کو کمزور کرے گا بلکہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی نقل و حرکت کے تحفظ کے لیے بھی بڑے خطرات پیدا کر دے گا۔
ترجمان نے مزید واضح کیا کہ اس وقت صورتحال ایک انتہائی نازک موڑ پر ہے اور صرف مکمل جنگ بندی کے ذریعے ہی حالات کو بہتری کی طرف لایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چین مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
علاوہ ازیں چینی وزارتِ خارجہ نے ایران کو اسلحہ فراہم کرنے سے متعلق گردش کرنے والی تمام خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔