الجزائر: کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے اپنے دورۂ الجزائر کے دوران ایک اہم اور منفرد اقدام کرتے ہوئے دارالحکومت میں واقع عظیم الشان جامع الجزائر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جوتے اتار کر مسجد میں داخل ہو کر خاموش مراقبہ کیا اور بین المذاہب احترام، رواداری اور امن کے قیام پر زور دیا۔
مسجد آمد پر پوپ لیو کا استقبال مسجد کے منتظم محمد مامون القاسمی نے کیا۔ اس موقع پر پوپ لیو نے الجزائر کی علمی و روحانی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے معروف مسیحی مفکر آگسٹین آف ہپّو سے اپنے روحانی تعلق کا بھی اظہار کیا، جو اس خطے کی مذہبی روایت میں نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پوپ لیو کا کہنا تھا کہ خدا کی قربت حاصل کرنے کا حقیقی مفہوم صرف عبادت تک محدود نہیں بلکہ اس کا تقاضا یہ بھی ہے کہ ہر انسان کے وقار کا احترام کیا جائے اور معاشرے میں بقائے باہمی کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان احترام اور برداشت ہی پائیدار امن کی بنیاد بن سکتا ہے۔
پوپ لیو نے اس موقع پر دنیا بھر کے لیے خصوصی دعا بھی کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ معاشروں میں امن، انصاف اور ایک دوسرے کو معاف کرنے کی اقدار مضبوط ہوں گی جس سے نفرت اور تقسیم کی فضا کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔
واضح رہے کہ جامع الجزائر دنیا کی تیسری بڑی مسجد شمار ہوتی ہے، جسے الجزائر کے سابق صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کے دور میں تعمیر کیا گیا۔ اس عظیم الشان مسجد میں بیک وقت ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد افراد کے نماز ادا کرنے کی گنجائش موجود ہے جبکہ اس کا 266میٹر بلند مینار دنیا کے بلند ترین میناروں میں شامل ہے۔
یہ مسجد نہ صرف عبادت گاہ بلکہ ایک اہم ثقافتی اور تعلیمی مرکز بھی ہے، جہاں عجائب گھر اور دیگر سہولیات موجود ہیں، جو اسے الجزائر کی مذہبی اور ثقافتی شناخت کا نمایاں حصہ بناتی ہیں۔