پاکستان کا خطے کے امن میں کلیدی کردار، بھارتی ریٹائرڈ فوجی افسر کا اعتراف

image

بھارتی فوج کے ریٹائرڈ میجر جنرل یشپال مور نے پاکستان کے خطے میں تعمیری اور متوازن کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران پاکستان نے غیرجانبدار اور ذمہ دارانہ مؤقف اختیار کر کے مختلف فریقین کا اعتماد حاصل کیا۔

ان کے مطابق پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے کشیدگی کم کرنے اور سفارتی توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ فوجی قیادت کی حکمت عملی اور رابطہ کاری نے بھی صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد دی۔

یشپال مور نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے ایران پر حملوں اور ایرانی سپریم لیڈر کے حوالے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر واضح اور سخت مؤقف اختیار کیا۔ ان کے مطابق پاکستان کے مستقل مندوب نے بھی اقوام متحدہ میں لبنان پر حملے اور اسرائیلی کارروائیوں کی کھل کر مذمت کی، جس سے پاکستان کا سفارتی مؤقف مزید مضبوط ہوا۔

بھارتی ریٹائرڈ جنرل نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی اسے خطے کے اہم ممالک، خصوصاً سعودی عرب اور چین کے ساتھ بہتر تعلقات قائم رکھنے میں مدد دے رہی ہے۔

انہوں نے بھارت کی موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِاعظم نریندر مودی کی بعض علاقائی اور اسرائیل نواز پالیسیوں نے بھارت کے عالمی تشخص کو متاثر کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ بیان خطے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی کردار اور بدلتے ہوئے جغرافیائی سیاسی توازن کی عکاسی کرتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US