ذمہ داری اسی وقت پوری ہوگی جب ایران میں ’انتہا پسند حکومت‘ تبدیل ہوجائے گی، موساد چیف

image

اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ ڈیوڈ برنیا نے واضح کیا ہے کہ ایران میں ان کا مشن اس وقت تک ادھورا ہے جب تک وہاں کی موجودہ حکومت کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق موساد چیف کا کہنا تھا کہ حالیہ تنازع کے دوران ان کی ایجنسی نے تہران کے اندرونی علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے اسرائیلی فضائیہ کو انتہائی اہم اور درست معلومات فراہم کیں، جس کی مدد سے اسرائیل کے لیے خطرہ بننے والے میزائلوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔

ڈیوڈ برنیا نے مزید کہا کہ یہ کارروائیاں کسی وقتی مقصد کے لیے نہیں بلکہ ایک طویل مدتی منصوبے کا حصہ ہیں تاکہ حملوں کے بعد مطلوبہ نتائج حاصل کیے جاسکیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ موساد کی ذمہ داری اسی وقت پوری ہوگی جب ایران میں ’انتہا پسند حکومت‘ تبدیل ہوجائے گی۔

ان کے مطابق ایران میں نظام کی تبدیلی ان کا بنیادی ہدف ہے اور وہ کسی بھی ایسے خطرے کے سامنے خاموش نہیں رہیں گے جو اسرائیل کے وجود کے لیے چیلنج بن سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US