سعودی وزارت داخلہ نے حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے لیے سخت سزاؤں اور بھاری جرمانوں کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق حج کے اجازت نامے کے بغیر مناسک کی ادائیگی کرنے والوں پر 20 ہزار سعودی ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ وزٹ ویزے پر مکہ مکرمہ میں داخل ہونے والے افراد کو بھی اسی قدر جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ جو افراد بغیر اجازت حج کرنے والوں کی کسی بھی قسم کی مدد کریں گے، انہیں ایک لاکھ سعودی ریال تک جرمانہ بھرنا پڑے گا۔
رپورٹ کے مطابق حج فراڈ میں ملوث پائے جانے والے غیر ملکیوں کو فوری طور پر ملک بدر کر دیا جائے گا اور ان پر 10 سال تک سعودی عرب میں دوبارہ داخلے پر پابندی عائد ہو گی۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد حج سیزن کے دوران قوانین کی مکمل پاسداری کو یقینی بنانا ہے۔