حماس کے ساتھ جاری جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فورسز کے غزہ پٹی پر تازہ حملوں میں 11 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔
غزہ سول ڈیفنس کے مطابق غزہ سٹی کے وسط میں ایک پولیس گاڑی کو اسرائیلی جنگی طیاروں نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور 3 سالہ بچے سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے۔
اس کے علاوہ شمالی غزہ کے علاقے بیت لاہیا میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک شہری جبکہ شاطی پناہ گزین کیمپ کے قریب ڈرون حملے میں 5 فلسطینی شہید ہوئے جن کی لاشیں الشفاء اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
شمالی غزہ میں ہونے والی ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر 3 اور 14 سال کے دو بچے بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2025 سے جاری جنگ بندی کے اعلان کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ تھم نہ سکا اور اس دوران اب تک تقریباً 760 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی اس جنگ میں اب تک مجموعی شہدا کی تعداد 72 ہزار 336 تک پہنچ چکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 2 ہزار 111 سے تجاوز کرگئی ہے۔