امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر ایران کو اسلحہ فراہم کرنے کا الزام عائد کیا ہے تاہم چین نے اس الزام کی سختی سے تردید کر دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے چینی صدر کو خط لکھ کر ایران کو ہتھیار فراہم نہ کرنے کا کہا تھا۔ ان کے مطابق چینی صدر نے جوابی خط میں واضح کیا کہ چین ایران کو کسی قسم کا اسلحہ فراہم نہیں کر رہا۔
ادھر امریکی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق چین آئندہ چند ہفتوں میں ایران کو جدید فضائی دفاعی نظام فراہم کر سکتا ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز بند ہوتی ہے تو چین بھی ایرانی تیل تک رسائی حاصل نہیں کر سکے گا۔ ان کے مطابق امریکا اس راستے سے گزرنے والے چینی آئل ٹینکرز کو روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔