چین میں ایک حیران کن طبی واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ڈاکٹروں نے ایک شہری کے پیٹ سے بچپن میں نگلا ہوا تھرمامیٹر کئی برس بعد کامیابی کے ساتھ نکال لیا۔ یہ غیر معمولی واقعہ صوبہ ژی جیانگ کے شہر وینزو میں پیش آیا جس نے طبی ماہرین کو بھی حیران کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 32 سالہ شخص جس کی شناخت وانگ کے نام سے کی گئی ہے، شدید پیٹ درد کی شکایت کے باعث اسپتال پہنچا۔ ابتدائی معائنے اور جدید طبی جانچ کے بعد ڈاکٹروں پر یہ انکشاف ہوا کہ اس کے معدے میں ایک تھرمامیٹر موجود ہے، جو برسوں سے جسم کے اندر موجود رہا۔
ڈاکٹروں کے مطابق مریض کی حالت تشویشناک ہو چکی تھی کیونکہ تھرمامیٹر کی نوک آنتوں کو مسلسل نقصان پہنچا رہی تھی جس کے باعث آنتوں میں سوراخ ہونے اور اندرونی خون بہنے کا شدید خطرہ لاحق تھا۔ صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے فوری آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔
طبی ٹیم نے انتہائی مہارت اور احتیاط کے ساتھ تقریباً بیس منٹ میں آپریشن مکمل کیا اور تھرمامیٹر کو بحفاظت جسم سے نکال لیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ آلہ جسم کے اندر کافی عرصے سے موجود تھا اور حساس مقام، یعنی صفراوی نالی کے قریب پہنچ چکا تھا، جس سے پیچیدگیاں بڑھنے کا اندیشہ تھا۔
مزید بتایا گیا کہ نکالا جانے والا تھرمامیٹر اپنی اصل حالت میں موجود تھا تاہم اس پر درج اعداد و شمار وقت گزرنے کے باعث مٹ چکے تھے۔ ڈاکٹروں نے اس کامیاب آپریشن کو ایک نادر مثال قرار دیا ہے۔
مریض نے بعد ازاں انکشاف کیا کہ اس نے تقریباً بارہ سال کی عمر میں غلطی سے تھرمامیٹر نگل لیا تھا، تاہم خوف کے باعث اپنے والدین کو اس بارے میں آگاہ نہیں کیا۔ چونکہ ابتدائی طور پر اسے کسی قسم کی تکلیف محسوس نہیں ہوئی، اس لیے وقت کے ساتھ وہ اس واقعے کو بھول گیا۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات بظاہر معمولی محسوس ہو سکتے ہیں لیکن طویل مدت میں یہ سنگین پیچیدگیوں کا باعث بن سکتے ہیں، اس لیے کسی بھی غیر معمولی صورتحال میں فوری طبی معائنہ اور بروقت علاج انتہائی ضروری ہے۔