اسرائیل کے جنوبی علاقے میں واقع تجارتی مرکز نتیوت میں بدھ کے روز لاکھوں کی تعداد میں شہد کی مکھیوں کے غیر معمولی جھنڈ نے شہر پر دھاوا بول دیا جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق شہد کی مکھیوں نے شاپنگ سینٹرز، رہائشی علاقوں اور کھلی جگہوں سمیت پورے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ صورتحال کے بعد انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت جاری کی کہ وہ گھروں کے اندر رہیں اور دروازے و کھڑکیاں بند رکھیں۔
ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمارتوں، گاڑیوں اور گلیوں پر شہد کی مکھیوں کی بڑی تعداد موجود ہے جبکہ ہر طرف بھنبھناہٹ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔
حکام کے مطابق صورتحال اتنی غیر معمولی ہو گئی کہ بعض مقامات پر پروازوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی تاہم فوری طور پر مکمل بندش کی باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
میونسپل انتظامیہ نے ہنگامی وارننگ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو متاثرہ علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صورتحال پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔
واقعے کی غیر معمولی نوعیت کے باعث سوشل میڈیا پر بھی بحث شروع ہو گئی ہے جہاں مختلف صارفین اسے مختلف مذہبی اور تاریخی حوالوں سے جوڑ رہے ہیں تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے دوران شہد کی مکھیوں کے جھنڈ کا بننا ایک قدرتی عمل ہے۔
ماہرین کے مطابق شہد کی مکھیوں کا ایک بڑا جھنڈ ہزاروں مکھیوں پر مشتمل ہو سکتا ہے جو وقتی طور پر ایک ساتھ سفر کرتا ہے اور عمومی طور پر یہ صورتحال زیادہ دیر برقرار نہیں رہتی۔