ٹرمپ کے بیان پر اٹلی میں سیاسی طوفان، اپوزیشن وزیراعظم کے دفاع میں میدان میں آگئی

image

اٹلی میں نیا سیاسی منظرنامہ ابھر کر سامنے آیا ہے، جہاں اپوزیشن نے اپنے تمام تر سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھ کر وزیراعظم کے دفاع کا اعلان کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اٹلی کی اہم اپوزیشن جماعت، ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ ایلی شلائن نے پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران ٹرمپ کے بیانات کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی غیر ملکی سربراہِ مملکت یہ حق نہیں رکھتا کہ وہ اٹلی یا اس کی حکومت پر حملہ کرے، دھمکیاں دے یا بے احترامی کرے۔

ایلی شلائن کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی طور پر ایک دوسرے کے مخالف ہو سکتے ہیں، لیکن ہم سب اطالوی عوام کے نمائندے ہیں اور اپنے ملک کے خلاف کسی بھی بیرونی مداخلت یا حملے کو قبول نہیں کریں گے۔

امریکی صدر کی جانب سے جارجیا میلونی پر یہ تنقید اس وقت سامنے آئی جب اطالوی وزیراعظم نے پوپ لیو کے خلاف ڈونلڈ ٹرمپ کے ریمارکس کو 'ناقابلِ قبول' قرار دیتے ہوئے ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا تھا۔

ایلی شلائن نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ جارجیا میلونی نے پوپ لیو کی حمایت کر کے بالکل درست مؤقف اختیار کیا ہے اور پوری قوم اس معاملے پر متحد ہے۔

انہوں نے ایوان سے مطالبہ کیا کہ ٹرمپ کے اس طرزِ عمل کی متفقہ طور پر مذمت کی جائے کیونکہ اٹلی ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US