تھائی لینڈ کے سونگ کران تہوار میں حادثات، 3 دن میں 191 ہلاکتیں

image

تھائی لینڈ کے روایتی نئے سال کے تہوار ’سونگ کران‘ کے دوران خوشیوں کے موقع پر افسوسناک حادثات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور ابتدائی 3 دنوں میں 191 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق 7 روزہ واٹر فیسٹیول کے پہلے حصے میں 951 سے زائد ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے ہیں جس کے باعث جشن کا ماحول غم میں تبدیل ہو گیا۔

رپورٹس کے مطابق صرف پہلے دو دنوں میں 52 اموات سڑک حادثات کے باعث ہوئیں جن میں تقریباً 42 فیصد کیسز تیز رفتاری جبکہ 27 فیصد سے زائد واقعات نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کے باعث پیش آئے۔

تہوار کے دوران لاکھوں افراد بنکاک سمیت بڑے شہروں سے اپنے آبائی علاقوں کی جانب سفر کرتے ہیں جس کے باعث سڑکوں پر شدید ٹریفک دباؤ اور حادثات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

حکام کے مطابق یہ تہوار 7 خطرناک دن کے نام سے بھی جانا جاتا ہے جس میں زیادہ تر حادثات دوپہر سے شام کے اوقات میں رپورٹ ہوتے ہیں۔ ہیلمٹ نہ پہننے اور غیر محتاط ڈرائیونگ کو بھی اموات کی بڑی وجوہات قرار دیا جا رہا ہے۔

حکومتی اقدامات اور حفاظتی مہمات کے باوجود ہر سال اس تہوار کے دوران ہلاکتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جبکہ رواں سال لاکھوں غیر ملکی سیاحوں کی آمد بھی متوقع ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US