خلیج فارس سے متعلق اہم پیشرفت، امریکی پابندیوں کے باوجود ایرانی تیل کی ترسیل جاری

image

خلیج فارس سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں امریکی پابندیوں کے باوجود ایرانی تیل کی ترسیل جاری ہے۔

میرین ٹریکنگ کمپنی کپلر (Kpler) کے مطابق ایران کے تین آئل ٹینکرز آبنائے ہرمز عبور کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ان ٹینکرز میں مجموعی طور پر تقریباً 50 لاکھ بیرل خام تیل موجود تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈیپ سی، سونیا آئی اور ڈیونا نامی یہ تینوں جہاز ایران کے خارک جزیرے سے روانہ ہوئے اور بدھ کے روز آبنائے ہرمز سے گزرے۔ یہ تمام ٹینکرز امریکی پابندیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

یہ پیش رفت 10 اپریل کو اسٹارلا نامی ٹینکر کی گزرگاہ کے بعد پہلی بار سامنے آئی ہے، جب کوئی ایرانی آئل ٹینکر خام تیل لے کر اس اہم آبی راستے سے گزرا ہو۔

میرین ڈیٹا کے مطابق ان جہازوں کے AIS ٹرانسپونڈر بند تھے، جس کے باعث ان کی حالیہ لوکیشن کی معلومات دستیاب نہیں رہیں۔ ان کی آخری سگنلنگ تقریباً ایک ماہ قبل آبنائے ملاکا کے قریب ریکارڈ کی گئی تھی۔

تاہم کپلر نے سیٹلائٹ تصاویر کے ذریعے ان جہازوں کی نقل و حرکت کی نگرانی کرتے ہوئے تصدیق کی کہ یہ ٹینکرز کامیابی سے آبنائے ہرمز عبور کرچکے ہیں۔

ان جہازوں کی حتمی منزل واضح نہیں، تاہم ماضی کے ریکارڈ کے مطابق یہ ٹینکرز عموماً سنگاپور کے قریب سمندری حدود تک تیل پہنچاتے رہے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس خطے میں جہاز سے جہاز میں تیل منتقلی کے واقعات ہوتے رہے ہیں، جس کے بعد تیل دیگر ٹینکرز کے ذریعے چین منتقل کیا جاتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US