منیلا: فلپائن کے صدر فرڈیننڈ مارکوس جونیئر نے ایک غیر معمولی اقدام کے ذریعے اپنی صحت سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے سب کو حیران کر دیا۔ انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران اچانک جمپنگ جیکس لگا کر نہ صرف حاضرین کو چونکا دیا بلکہ اپنے ناقدین کو بھی واضح پیغام دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 68 سالہ صدر جب پریس کانفرنس کے لیے اسٹیج پر آئے تو انہوں نے روایتی انداز کے بجائے اچانک ورزش شروع کردی جس میں جمپنگ جیکس شامل تھے۔ اس سے قبل بھی وہ دفتر آمد کے موقع پر سڑک پر دوڑتے ہوئے دیکھے گئے، جس نے عوامی اور میڈیا حلقوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی۔
صدر مارکوس جونیئر نے اس غیر متوقع اقدام کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان افواہوں کا عملی جواب دینا چاہتے ہیں جن میں ان کی صحت کو لے کر شکوک و شبہات ظاہر کیے جا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں اور جو لوگ ان کے بیمار یا مفلوج ہونے کی باتیں کر رہے ہیں، انہیں چاہیے کہ آ کر ان کے ساتھ ورزش کر کے دیکھیں۔
انہوں نے صحافیوں کو بھی چیلنج دیا کہ وہ ان کے ساتھ جم جا کر مقابلہ کریں اور خود اندازہ لگائیں کہ وہ کس قدر فٹ ہیں۔ صدر کے اس بیان اور عملی مظاہرے کو سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل ہوئی۔
واضح رہے کہ فرڈیننڈ مارکوس جونیئر رواں سال جنوری میں کچھ عرصے کے لیے عوامی نظروں سے اوجھل رہے تھے، جس کے بعد ان کی صحت سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں اور یہاں تک کہ انتقال کی افواہیں بھی زیر گردش آئیں۔ بعد ازاں انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں وضاحت کی تھی کہ وہ پیٹ کے عارضے کے باعث اسپتال گئے تھے، جس کی وجہ انہوں نے ذہنی دباؤ اور عمر کو قرار دیا۔
تاہم حالیہ اقدام کے ذریعے انہوں نے ایک بار پھر واضح کرنے کی کوشش کی ہے کہ وہ صحت مند اور متحرک ہیں، اور ان کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں میں کوئی حقیقت نہیں۔