بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیارے کی کریش لینڈنگ

image

بھارت کے شہر پونے کے ہوائی اڈے پر بھارتی فضائیہ کے ایک جنگی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے باعث رن وے عارضی طور پر بند ہو گیا جس سے فضائی آپریشن شدید متاثر ہوئے۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹو ڈے کے مطابق واقعہ رات تقریباً 10 بج کر 25 منٹ پر پیش آیا جب ایک معمول کی رات کی پرواز کے دوران طیارے کو لینڈنگ میں مشکل پیش آئی۔ بھارتی فضائیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عملہ مکمل طور پر محفوظ رہا اور کسی شہری املاک کو نقصان نہیں پہنچا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق لینڈنگ کے دوران طیارے کے پہیوں کے نظام میں خرابی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جس کے باعث طیارہ رن وے پر رک گیا اور آمد و رفت معطل ہو گئی۔ تاہم اس حوالے سے حتمی تکنیکی رپورٹ جاری نہیں کی گئی۔

حکام کے مطابق حفاظتی اقدامات کے تحت فوری طور پر رن وے بند کیا گیا جس کے بعد فضائی ٹریفک کئی گھنٹوں تک متاثر رہی۔ پونے ایئرپورٹ جو کہ شہری اور فوجی دونوں مقاصد کے لیے استعمال ہوتا ہے اس واقعے کے باعث مکمل طور پر متاثر ہوا۔

فضائی ٹریفک حکام نے بتایا کہ رن وے کو کلیئر کرنے اور حفاظتی معائنے مکمل کرنے میں 4 سے 6 گھنٹے لگے جس کے بعد اسے دوبارہ کھول دیا گیا اور پروازوں کی بحالی مرحلہ وار شروع ہوئی۔

بھارتی وزیر مملکت برائے ہوا بازی مرلی دھر موہول نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور صورتحال کو جلد معمول پر لانے کے لیے اقدامات کیے گئے۔

رن وے بند ہونے کے باعث 17 اور 18 اپریل کو متعدد پروازیں متاثر ہوئیں۔ انڈیگو ایئرلائن کی سب سے زیادہ 31 آمد اور 34 روانگی پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ دیگر ایئرلائنز بھی متاثر ہوئیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US