راکھ سے لکھی گئی فریاد! میناب اسکول کے شہید بچوں کے والدین کی پوپ لیوسے عالمی ضمیر جھنجھوڑنے کی اپیل

image

تہران: ایران کے جنوبی شہر میناب میں مبینہ امریکی بمباری کے نتیجے میں شہید ہونے والے اسکول کے بچوں کے والدین نے رومن کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ لیو کو ایک جذباتی خط لکھ کر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی اپیل کی ہے۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق متاثرہ خاندانوں نے اپنے خط میں پوپ لیو چہارم کے امن پسند مؤقف کو سراہتے ہوئے ان سے درخواست کی ہے کہ وہ دنیا بھر میں جاری جنگوں اور تشدد کے خاتمے کے لیے اپنی اخلاقی اور روحانی اثر و رسوخ کو استعمال کریں تاکہ کسی بھی والدین کو اپنے بچوں کی لاشوں یا جل چکے بستروں کو سینے سے لگانے کی اذیت نہ سہنی پڑے۔

خط میں والدین نے انتہائی جذبات کے ساتھ لکھا کہ وہ یہ پیغام راکھ اور تباہ شدہ اسکول کے کھنڈرات سے بھیج رہے ہیں، جہاں ان کے بقول 168 معصوم بچوں کی زندگیاں چھین لی گئیں۔ والدین نے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کے گرم لمس کے بجائے ان کی جلی ہوئی کتابوں اور خون آلود کاپیوں کو دیکھنے پر مجبور ہیں۔

متاثرہ خاندانوں نے مزید کہا کہ دھماکوں کی ہولناک آواز نے ان کی چیخوں کو دبا دیا مگر اسی لمحے پوپ لیو کے امن سے متعلق الفاظ ان کے زخموں پر کسی حد تک مرہم بنے۔ خط میں پوپ کے عالمی بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے ہمیشہ تشدد اور جنگ کی مذمت کرتے ہوئے مکالمے اور امن کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

والدین نے اپنے خط میں جذباتی انداز اختیار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اس بات کے باوجود کہ اپنے بچوں کو واپس نہیں لا سکتے لیکن چاہتے ہیں کہ دنیا میں کوئی اور خاندان اسی درد سے نہ گزرے۔

والدین کے مطابق پوپ لیو جیسی عالمی مذہبی شخصیت ان بے آواز بچوں کی آواز بن سکتی ہے اور عالمی طاقتوں کو جنگوں کے خاتمے پر مجبور کرنے میں کردار ادا کر سکتی ہے۔

خط میں یہ بھی کہا گیا کہ پائیدار امن طاقت اور ہتھیاروں سے نہیں بلکہ مکالمے، برداشت اور انسانی ہمدردی سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ والدین نے اس واقعے کو ایک ناقابلِ فراموش انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ معصوم جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دے۔

رپورٹ کے مطابق یہ خط ایران کے ادارہ برائے اسلامی ثقافت و ابلاغ کے ذریعے متعلقہ بین المذاہب رابطہ کونسل کو ارسال کیا گیا ہے تاکہ اسے پوپ لیو تک پہنچایا جا سکے۔

یہ دلخراش اپیل ایک بار پھر عالمی سطح پر جنگ، امن اور انسانی جانوں کے تحفظ سے متعلق بحث کو تازہ کر رہی ہے، جبکہ متاثرہ خاندان انصاف اور عالمی توجہ کے منتظر ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US