آبنائے ہرمز کی غیر یقینی صورتحال، عالمی تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ

image

آبنائے ہرمز کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں سیمی کنڈکٹر چپس کی بڑھتی طلب کے باعث تیزی دیکھنے میں آئی۔

بین الاقوامی توانائی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک فیصد سے زائد کمی ہوئی۔ امریکی خام تیل 1.6 فیصد کمی کے بعد 85 ڈالر فی بیرل پر آ گیا، جبکہ برینٹ کروڈ 1.3 فیصد گر کر 94 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔

ماہرین کے مطابق قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی بڑی وجہ خطے میں جاری جغرافیائی سیاسی خدشات ہیں، جو اہم بحری راستوں اور ترسیل کو متاثر کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں نمایاں بہتری دیکھی گئی، جہاں سیمی کنڈکٹر چپس کی مضبوط طلب نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھایا۔ جنوبی کوریا کی اسٹاک مارکیٹ میں 2 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ تائیوان کا بینچ مارک انڈیکس 1.8 فیصد بڑھ کر ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔

اسی طرح جاپان اور ہانگ کانگ کی اسٹاک مارکیٹس میں بھی کاروبار کے دوران مثبت رجحان دیکھا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US