امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جنگ بندی میں مزید توسیع کے خواہاں نہیں اور ایران کا معاملہ ایک بڑی ڈیل کے ذریعے جلد نمٹا دیا جائے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ معاملات کو کامیابی سے سنبھال رہا ہے اور مذاکرات میں اس کی پوزیشن مضبوط ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی ناکہ بندی کامیاب رہی ہے اور اس معاملے پر مزید وقت ضائع نہیں کیا جا سکتا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا ضرورت پڑنے پر فوجی کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، تاہم وہ ایران کے معاملے میں جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ وہ جنگ بندی میں مزید توسیع نہیں چاہتے اور یہ معاملہ ایک بڑی ڈیل کے ساتھ ختم ہو جائے گا۔
امریکی صدر نے کہا کہ اگر ایران معاہدہ کر لیتا ہے تو وہ ایک مضبوط پوزیشن حاصل کر سکتا ہے، کیونکہ اس کے پاس مذاکرات کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کی بحریہ، فضائیہ اور قیادت کو ختم کر دیا ہے۔
مزید برآں، صدر ٹرمپ نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ کرنسی تبادلے پر غور جاری ہونے کا بھی انکشاف کیا اور کہا کہ اگر وہ اس معاملے میں یو اے ای کی مدد کر سکے تو ضرور کریں گے۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ انہیں اس بات پر حیرت ہے کہ ایران اور متحدہ عرب امارات امیر ممالک ہیں۔