درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کے لیے الیکٹرک وہیکلز فروغ کے اقدامات میں تیزی کی ہدایت

image

شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں (EVs) کے فروغ سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں قومی سطح پر الیکٹرک ٹرانسپورٹ کو وسعت دینے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں الیکٹرک وہیکلز کے فروغ کیلیے جاری اقدامات میں تیزی لائی جائے، تاکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کیا جاسکے اور توانائی کے شعبے میں خودکفالت حاصل ہو۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ای وی پالیسی نہ صرف ماحولیاتی تحفظ بلکہ انرجی سیکیورٹی کیلیے بھی انتہائی اہم ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں الیکٹرک موٹر سائیکل اور رکشہ سازی کیلیے 72 جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کیلیے 4 مینوفیکچرنگ سرٹیفکیٹس جاری کیے جاچکے ہیں۔ اسی طرح ای وی چارجنگ اسٹیشنز کیلیے اب تک 123 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ آئندہ 5 سال میں ملک کی 30 فیصد گاڑیوں کو الیکٹرک بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس سے تقریباً 4.5 ارب ڈالر تک زرمبادلہ کی بچت متوقع ہے۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ گریڈ 16 تک کے سرکاری ملازمین کو آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، تاکہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے استعمال کو فروغ دیا جاسکے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء عطا اللہ تارڑ، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، اویس لغاری سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US