بھارت سے تعلق رکھنے والی 40 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر رتنا چندو نے محض ایک ہفتے میں 5 کلو وزن کم کرنے کا دعویٰ کر کے صارفین کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے جبکہ ان کا ڈائٹ پلان بھی تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دو بچوں کی ماں رتنا چندو نے اپنی فٹنس ٹرانسفارمیشن سے لوگوں کی توجہ حاصل کی اور بعد ازاں اپنے فالوورز کے ساتھ مکمل ڈائٹ پلان بھی شیئر کیا جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ اس پر عمل کر کے تیزی سے وزن کم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اپنے دن کے آغاز کے لیے نیم گرم پانی میں لیموں اور ایک چٹکی نمک شامل کر کے پینے کا مشورہ دیا۔ اس کے بعد زیرہ، اجوائن اور میتھی دانے پر مشتمل ڈیٹاکس ڈرنک لینے کی ہدایت کی۔ ناشتے میں پھل، میوہ جات، ڈوسا اور کافی کو شامل کرنے کی تجویز دی گئی۔
رتنا کے مطابق ناشتے کے چند گھنٹوں بعد پالک، ککڑی اور ادرک سے تیار کردہ سبز جوس مفید ثابت ہو سکتا ہے تاہم انہوں نے مون سون کے دوران کچی سبزیوں کے استعمال سے گریز کا مشورہ بھی دیا تاکہ معدے کے مسائل سے بچا جا سکے۔
دوپہر کے کھانے کے حوالے سے انہوں نے سادہ اور متوازن غذا پر زور دیا جس میں روٹی، پکی ہوئی سبزیاں، دال، پنیر یا چنے شامل ہوں جبکہ ساتھ میں سلاد اور دہی کا استعمال بھی ضروری قرار دیا تاکہ جسم کو کاربوہائیڈریٹس، پروٹین اور فائبر مناسب مقدار میں مل سکیں۔
اسنیکس کے طور پر انہوں نے پراسیسڈ اشیاء سے پرہیز کرنے اور سبز چائے کے ساتھ بھنے ہوئے چنے، مکھانے یا مونگ پھلی کھانے کی تجویز دی۔
رات کے کھانے میں ہلکی غذا جیسے سبزیوں کا سوپ، کھچڑی یا پنیر کے ساتھ بھنی ہوئی سبزیاں شامل کرنے کا مشورہ دیا گیا، جبکہ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ رات کا کھانا شام 7 بجے تک مکمل کر لینا چاہیے اور سونے سے قبل ایک کپ چائے لی جا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ رتنا چندو نے روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ چہل قدمی، یوگا یا کسی بھی قسم کی ورزش کو لازمی قرار دیا۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ تیزی سے وزن کم کرنے کے دعوے پر احتیاط ضروری ہے، تاہم متوازن غذا اور باقاعدہ ورزش صحت مند طرز زندگی کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔