کراچی میں ”ابھرتی ٹیکنالوجیز اور مستقبل کی جنگ“ پر عالمی کانفرنس کا انعقاد

image

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے ادارے Maritime Centre of Excellence کے زیر اہتمام ابھرتی ٹیکنالوجیز اور مستقبل کی جنگ کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کراچی میں اختتام پذیر ہوگئی۔

کانفرنس کا مقصد میری ٹائم ماہرین، تعلیمی حلقوں اور دفاعی صنعت کے نمائندوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا تھا تاکہ بدلتے ہوئے جیو اسٹریٹیجک رجحانات اور جدید ٹیکنالوجی کے جنگی نظام پر اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے خطاب میں صنعت، صارفین (end-users) اور تعلیمی اداروں کے درمیان قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اشتراک سے جدت، لچک اور آپریشنل افادیت کو فروغ ملے گا، جو پاکستان میں دفاعی شعبے کی مقامی پیداوار (indigenization) اور خود انحصاری کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بحرِ ہند مستقبل کی جنگی حکمت عملی کے حوالے سے ایک اہم خطہ ہے، کیونکہ عالمی تجارت کا بڑا حصہ اس سے گزرتا ہے۔ اس خطے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ عالمی سپلائی چین، توانائی کی قیمتوں اور معیشتوں پر گہرے اثرات مرتب کرسکتی ہے۔

کانفرنس میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ جدید ٹیکنالوجیز کے سویلین اور عسکری استعمال کے درمیان فرق کم ہوتا جا رہا ہے، جو ایک طرف مواقع فراہم کرتا ہے تو دوسری جانب نئے چیلنجز بھی پیدا کرتا ہے۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ تیز رفتار تکنیکی ترقی جنگ کے طریقہ کار، افواج کے ڈھانچے اور نتائج کو بنیادی طور پر تبدیل کررہی ہے۔

تقریب میں اعلیٰ عسکری قیادت، پالیسی سازوں، سفارتکاروں، ماہرین تعلیم، صنعت سے وابستہ افراد اور مختلف جامعات کے طلبہ نے شرکت کی۔

کانفرنس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مستقبل کی ٹیکنالوجی سے جڑی تبدیلیوں کا مؤثر انداز میں سامنا کرنے کے لیے فکری اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US