گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کثیرالجہتی سفارتکاری اور امن کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ عالمی امن کے قیام کے لیے کثیرالجہتی سفارتکاری ناگزیر ہوچکی ہے اور موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور مؤثر عالمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ تمام تنازعات کا حل صرف مکالمے اور فعال سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
گورنر سندھ نے علاقائی و عالمی امن کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے پرامن حل اور خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی فعال شمولیت ریاست کے پُرامن عزم کی عکاس ہے۔
سید محمد نہال ہاشمی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطین اور کشمیر کے دیرینہ تنازعات کے منصفانہ حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے تاکہ دنیا کو نفرت اور جنگوں سے پاک کر کے امن کا گہوارہ بنایا جاسکے۔