بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ جرمنی کے تین روزہ سرکاری دورے کے آخری روز آبدوز کا معائنہ کرنے کے دوران اپنا دفاع نہ کرسکے اور ایک غیر متوقع واقعے کا شکار ہوگئے۔
وہ تھیسن کروپ میرین سسٹمز (ٹی کے ایم ایس) کے شپ یارڈ کے دورے کے موقع پر ٹائپ 212 آبدوز کا اندرونی جائزہ لینے کے لیے اس میں داخل ہو رہے تھے کہ تنگ راستے کی وجہ سے پھنس گئے اور گھبرا کر پھسل گئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عملے نے کافی جدوجہد کے بعد انہیں باہر نکالا، جس کے بعد انہوں نے دوبارہ آبدوز میں جانے کی کوشش سے معذرت کرلی۔
واضح رہے کہ راج ناتھ سنگھ نے 21 سے 23 اپریل تک جرمنی کا دورہ کیا، جس میں بھارت اور جرمنی کے درمیان دفاعی صنعتی تعاون کے روڈ میپ اور اقوامِ متحدہ کے امن مشنز کی تربیت کے حوالے سے اہم معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ تاہم، دورے کے آخری روز پیش آنے والے اس واقعے نے سوشل میڈیا پر کافی توجہ حاصل کرلی ہے۔